اسلام آباد ( آن لائن )پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گھوٹکی اور فاٹا کے الیکشن میں فوج کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر تعینات نہ کیا جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو الیکشن دھاندلی زدہ ہوں گے‘ 2018 ء کے الیکشن میں فوج کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر تعینات کیا گیا اور انہوں نے پولنگ ایجنٹوں کو گنتی کے وقت باہر نکال دیا اور 95 فیصد فارم 45 پر پولنگ ایجنٹوں کے دستخط موجود نہیں تھے الیکشن کمیشن نے جو فارم 45 اپ لوڈ کیے وہ جعلی ہیں۔ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری اورپیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے جنرل سیکرٹری فرحت اللہ بابر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نیئر بخاری نے کہا کہ صاف شفاف الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے گھوٹکی میں مختار کار کو اغوا کیا گیا ہے تاکہ الیکشن پر اثر انداز ہوسکیں۔ ہمارا الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ فوج پولنگ اسٹیشنوں کے باہر ہو اگر کوئی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بنے تو وہ فوری پولنگ اسٹیشن کے اندر پہنچ سکتی ہے۔ گھوٹکی کے الیکشن کو5 دن لیٹ کیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کی طرف سے دی گئی تاریخ کے مطابق ہونے چاہیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے حوالے سے رولز بڑے واضح ہیں۔