راولپنڈی(صباح نیوز)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے میں نے کہا تھا جھاڑو پھرے گا،جھاڑو پھر گیا ہے، اگلے 90دن اہم ہیں ،40بندوں کی لائن لگی ہے سب جیل جائیں گے۔راولپنڈی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف حمزہ شہباز کو بچانے میں ناکام ہوگئے ہیں، شاہد خاقان عباسی نہیں چاہتے تھے مریم وڈیو ،وڈیو کھیلیں، مریم نے اپنے خلاف خود کنواں کھودا ہے۔شاہد خاقان عباسی کیگرفتاری سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ میں جو شہادتیں ایل این جی کے حوالے سے پیش کرنا تھیں وہ میں نے نیب کو دے دی ہیں۔عابد سعید اورمبین شاہد خاقان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وہ نواز شریف اور آصف زرداری کے خاندان کی مستقبل کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں دیکھ رہے ۔ بڑی باوقار خواتین کو بھی منی لانڈرنگ میں دیکھ رہا ہوں ، انہوں نے مصالحے، چورن اور دہی بڑے والے کو استعمال کیا ہے، ان کو مسئلہ این آر او کا ہے جووزیر اعظم نے نہیں دینا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پہلے بھی سڑکوں پر آرہے تھے ، انہوں نے بلاول کی منتیں کیں، فضل الرحمن اسلام کے بجائے اسلام آباد کے لیے نکلیں گے تو ان کے ساتھ کوئی نہیں نکلے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی ملاقات ٹرمپ کی سیاست کا بھی فیصلہ کرے گی، دونوں رہنماوں کی ملاقات افغانستان کے مستبقل کے حوالے سے اہم ہے۔حافظ سعید سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید احمدنے کہا کہ حافظ سعید دہشت گرد نہیں ہیں وہ ایف اے ٹی ایف کے بھینٹ چڑھ گئے۔انہوں نے کہا کہ نالہ لئی کے منصوبے پر ٹرین چلے گی، نالہ لئی کے راستے میں جن کے گھر آئیں گے ان کو پیسے ملیں گے۔
شیخ رشید