شاہد خاقان عباسی بھی گرفتار ،مفتاح اسماعیل روپوش

404

لاہور/کراچی(نمائندہ جسارت+اسٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی کوایل این جی کیس میں گرفتار کرلیا۔نیب نے شاہد خاقان کو تفتیش کے لیے طلب کیا تھا تاہم انہوں نے اپنی مصروفیات کو جواز بناکرپیشی سے معذرت کرلی تھی۔شاہد خاقان ن لیگ کے صدر شہبازشریف کی پریس کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں احسن اقبال اورپارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے ساتھ لاہور جارہے تھے، نیب نے انہیں لاہور جاتے ہوئے ٹول پلازہ پر روکا اورٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کرکے لے گئے۔نیب حکام نے شاہد خاقان کو کچھ دیر لاہور کے دفتر میں رکھا جس کے بعد انہیں ایک ٹیم اسلام آباد لے کر روانہ ہوگئی جہاں انہیں آج ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔نیب نے بذریعہ خط شاہدخاقان عباسی کی گرفتاری سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو آگاہ کر دیا۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سیکرٹری پیٹرولیم عابد سعید سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں اور انہوں نے اہم ثبوت نیب کے حوالے کردیے۔نیب ذرائع کے مطابق عابد سعید کے وعدہ معاف گواہ بننے پر شاہد خاقان کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا، شاہد خاقان عباسی کیخلاف تحقیقات گزشتہ روز ہی مکمل کرلی گئی تھیں، شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کا آج نیب میں پیش نہ ہونے سے کوئی تعلق نہیں۔دریں اثنا نیب ٹیم نے سابق مشیرخزانہ مفتاح اسماعیل کو گرفتار کرنے کے لیے ان کے گھر پرچھاپہ مارا، تہہ خانے اور بالائی منزل کی تلاشی لی گئی، نیب نے اہل خانہ اور 2 ملازمین سے پوچھ گچھ کی۔ نیب ٹیم میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں۔ مفتاح اسماعیل گھر پر موجود نہیں تھے، ان کا موبائل فون بھی مسلسل بند جا رہا ہے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل کی آخری لوکیشن کراچی میں ظاہر ہو رہی تھی۔ اسی طرح نیب ٹیم لاہور نے شادمان لاہور میں سابق ایم ڈی پی ایس اوعمران الحق کے گھر پر بھی چھاپہ ماراتاہم وہ بھی گھر پرموجود نہیں تھے۔ بتایا گیا ہے کہ نیب نے مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کے وارنٹ گرفتاری حاصل کررکھے ہیں۔دوسری جانب ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ شاہد خاقان کا قصور یہ ہے کہ وہ نواز شریف کا ساتھی ہے، شاہد خاقان کو بھونڈے انداز سے گرفتار کیا گیا، حکومت اور نیب کی ملی بھگت ہے ، عمران نیازی اور نیب نے ملک میں تماشا لگا رکھا ہے۔انہوں نے انتباہ کیا کہ عمران خان کو یہ سودا مہنگا پڑے گا۔ادھر نیب ملتان کی ٹیم نے بہاولپور میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ہاوسنگ کالونی کیس میں چیمبر آف کامرس کے سابق صدر شیخ عباس اور مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے سابق تحصیل ناظم چودھری جبار کو گرفتار کرلیا۔
شاہد خاقان گرفتار