لندن(جسارت نیوز)آئی سی سی نے سالانہ کونسل اجلاس میں زمبابوے کرکٹ بورڈ کی رکنیت معطل کرتے ہوئے فنڈنگ روک دی ۔ اجلاس میں کرکٹ قوانین میں ترمیم بھی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے لندن میں ہونے والے سالانہ کونسل اجلاس میں زمبابوے کرکٹ بورڈ کیرکنیت معطل کرتے ہوئے زمبابوین حکومت کوباورکرایا کہ کرکٹ بورڈ کے معاملات میں سیاسی اثر رسوخ کسی طورپر قابل قبول نہیں۔ آئی سی سی کونسل اجلاس کا مزید کہنا تھا کہ زمبابوین حکومت معطل ارکان کو فوری بحال کرے جب کہ الیکشن آئی سی سی کے قوانین کے تحت ہی ہونے چاہییں ،اس سلسلے میں آئی سی سی کونسل اجلا س میں متفقہ فیصلہ کرتے ہوئے زمبابوے کرکٹ بورڈ کے معطل ارکان کی بحالی تک فنڈنگ بھی روک دی گئی ہے ۔ اس حوالے سے آئی سی سی کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں زمبابوے کی شرکت بھی خطرے سے دوچار ہوسکتی ہے۔ آئی سی سی کونسل اجلاس میں کرکٹ قوانین میں بھی ترمیم کی گئی ہے جس کے مطابق اب سلو اوور ریٹ پر صرف کپتان کو جرمانے کاسامنا نہیں کرناپڑے گا بلکہ پوری ٹیم کو اس کا سامنا کرنا ہوگا۔ جب کہ سر پر گیند لگنے یا چکر آنے کی صورت میں کھلاڑی تبدیل کیاجاسکے گا۔ آئی سی سی قوانین کا اطلاق یکم اگست سے تمام انٹرنیشنل میچز پر لاگو ہوگا۔
آئی سی سی