سکھر (نمائندہ جسارت) بندھانی برادری کے صدر حاجی شریف بندھانی نے شہر کے مختلف علاقوں میں مرغی فروشوں کی جانب سے دکانوں پر صفائی و ستھرائی رکھنے کے بجائے گندگی میں مرغیاں ذبح کرکے فروخت کیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حفظان صحت کے اصولوں کو نظر انداز کرکے مرغی فروش گوشت کی فروخت میں مصروف ہیں، جس سے مختلف امراض پھیلنے کا خدشہ ہے، ضلعی انتظامیہ و دیگر متعلقہ اداروں کو اس جانب فوری توجہ دے کر مرغی فروشوں کو اپنی دکانوں پر صفائی و ستھرائی رکھنے کا پابند بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف علاقوں سے آنیوالے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی مسلم، حاجی خضر حیات، حاجی یامین، عبدالجبار راجپوت، حافظ شعیب و دیگر بھی موجود تھے۔ حاجی شریف بندھانی کا کہنا تھا کہ حاجی شریف بندھانی کا کہنا تھا کہ پرانا سکھر، شالیمار، جناح چوک، نواں گوٹھ سمیت شہر کے تمام علاقوں میں مرغی فروشوں نے قوانین کو پس پشت ڈال رکھا ہے، بیشتر لوگوں نے تو گندے پانی کے نالوں اور نالیوں پر دکانیں قائم رکھی ہیں، صفائی و ستھرائی بھی بالکل نہیں رکھی جاتی ہے، مرغی کو ذبح کرنے کے بعد اس کا گوشت تیار کرنے تک کے مرحلے میں جن آلات کا استعمال کیا جاتا ہے وہ نہ تو صاف و ستھرے ہوتے ہیں اور نہ ہی اس معیار کے ہوتے ہیں جس کے ہونے چاہیے۔ اس طرح مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں، عام لوگوں کو ان باتوں کا معلوم نہیں۔ انہوں نے کمشنر سکھر ڈویژن، ڈپٹی کمشنر سکھر، مئیر سکھر و دیگر افسران سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر مرغی فروشوں کو حفظان صحت کے اصولوں کو اپنانے، دکان پر صفائی و ستھرائی رکھنے، مرغی کو ذبح کرنے والے آلات بہتر بنانے کا پابند بنایا جائے تاکہ مختلف امراض کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔