نوابشاہ، غیر ملکی طلبہ قائد عوام یونیورسٹی میں مسائل سے دوچار

131

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) قائد عوام یونیورسٹی نوابشاہ میں تعلیم حاصل کرنے والے دیگر ممالک کے طلبہ نے وی سی ہائوس میں وائس چانسلر سے ملاقات کی۔ ہاسٹل میں ائر کنڈیشن نہ ہونے اور دیگر مسائل کے حوالے سے وائس چانسلر کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے۔ وائس چانسلر کی جانب سے دیگر ممالک کے طلبہ کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی۔ قائد عوام انجینئرنگ یونیورسٹی نوابشاہ میں پڑھنے والے دیگر ممالک انڈیا، سعودی عرب، دبئی، فلسطین سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ عمر الحماس، نذر ایس ایم جمات، عبداللہ اے ار جاروشی، عظمہ خان، عبداللہ ای ایم جبر، عبدالمنان ماہجو، امیر ای ایم جواوی، خالد عاطف ابراہیم، ایمان ٹی اے سوکر اور دیگر نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سموں سے وی سی ہاؤس میں ملاقات کی۔ طلبہ نے انہیں اپنے مسائل سنائے۔ اس موقع پر دیگر ممالک کے طلبہ نے نوابشاہ میں زیادہ سے زیادہ گرمی کے دوران ہاسٹل میں اے سی نہ ہونے، پاسپورٹ ایکسپائر ہونے کے بعد درپیش مسائل سمیت شکایات کے انبار لگا دیے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سموں نے طلبہ کو ہاسٹل میں اے سی لگانے اور دیگر مسائل کو فوری حل کرانے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد طلبہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سموں پہلے وی سی ہیں جنہوں نے ہمارے مسائل سننے کے لیے ہم سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہوئی ہے کہ وی سی نے خود ہم سے ملاقات کرکے ہم سے معلومات لی ہے۔ بعد میں وی سی کی جانب سے طلبہ کے لیے دعوت بھی کی گئی۔ جبکہ دیگر ممالک کے طلبہ، وائس چانسلر اور دیگر افسران کے لیے خود کھانا پکا کر لے کر آئے جو سب نے ساتھ مل کر کھایا، ملاقات کے دوران اسٹوڈنٹس ویلفیئر افسر عطا محمد چانڈیو اور دیگر موجود تھے۔