سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں کل راولپنڈی میں عوامی مارچ ہوگا

240

راولپنڈی( نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے امیر اور عوامی مارچ کی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہ سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ کل 19 جولائی کے عوامی مارچ کی تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے۔ یہ مارچ جماعت اسلامی کے روایتی نظم و ضبط کا مظہر ہوگا۔راولپنڈی کا عوامی مارچ ملکی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جسارت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ 19 جولائی کو راولپنڈی میں مہنگائی ، بے روزگاری ،آئی ایم ایف کی غلامی ،قادیانیوں کی سرپرستی ،عوام دشمن بجٹ اور کرپٹ ٹولے کی سرپرستی کے خلاف عوامی مارچ ہوگا۔ اس عوامی مارچ میں مردوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر اور کینٹ سے آنے والے تمام قافلے 4 بجے تک لیاقت باغ چوک میں قائم کردہ استقبالیہ کیمپ کے قریب اکٹھے ہوں گے۔بعد ازاں لیاقت باغ سے براستہ لیاقت روڈ فوارا چوک تک مارچ ہوگا۔جہاں سراج الحق اور دوسرے قائدین خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مارچ عوام کے حقوق کی ترجمانی کرے گا ۔راولپنڈی ہمیشہ سے اپوزیشن کا شہر رہا ہے۔یہاں کے عوام نے ماضی میں ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ اُمید ہے کہ راولپنڈی شہر اور کینٹ سے بڑی تعداد میں لوگ امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق کو سننے کے لیے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان گھروں ، بازاروں اور دفاتر میں جا کر بلا تفریق تمام شہریوں کو عوامی مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں ۔ عوام موجودہ حکومت کی ایک سال کی ناقص کارکردگی سے سخت مایوس ہوئے ہیں۔ مہنگا ئی اور ظالمانہ ٹیکسوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا گراف تیزی سے نیچے آیا ہے۔ ایک سال ہونے پر ہی مڈ ٹرم الیکشن کے مطالبے شروع ہو گئے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں سید عارف شیرازی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قائدین کا دامن صاف ہے۔جب بھی موقع ملا ہے تو جماعت کے لوگوں نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔عوام پی پی پی ، ن لیگ اور فوج کی حکومتیں بھگت چکے ہیں۔اب جماعت اسلامی کو موقع ملنا چاہیے۔دیانتدار اور اہل قیادت ہی ملک کے مسائل حل کر سکتی ہے۔
عوامی مارچ