کراچی (اسٹاف رپورٹر) ینگ مواچھ فٹبال کلب کے زیراہتمام ینگ مواچھ فٹبال گرائونڈ سجن گوٹھ میں جاری آل کراچی شہید بے نظیر بھٹو یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ ان میچز میں بلجئی جی بلوچ فٹبال کلب نے چنیسر بلو کو 3-1سے اورنیشنل آفریدی نے کلاکوٹ یونین کو 3-1سے شکست دیدی۔ینگ مواچھ فٹبال گرائونڈ سجن گوٹھ میں جاری آل کراچی شہید بے نظیر بھٹو یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں بلجئی جی بلوچ فٹبال کلب نے ایسٹ کی چنیسر بلو کو 3-1سے مات دیدی۔ کھیل کے پہلے ہاف میں ویسٹ کی بلجئی بلوچ کی جانب سے22 ویں منٹ میں عمران نے گول بناکر اپنی ٹیم کی برتری کو1-0 کردیا۔ وقفے سے ایک منٹ قبل29 ویں منٹ میں ظہیر نے دوسرا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں2-0 کی سبقت دلوادی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر بلئجی بلوچ کی ٹیم2-0 سے جیت رہی تھی۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں عمران نے بلئجی بلوچ کی جانب سے میچ کا تیسرا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو 3-0سے مستحکم کردیا۔ تین گول کے خسارے میں جانے والی ایسٹ کی چنیسر بلو کی جانب سے56 ویں منٹ میں دانش نے گول بناکر اپنی ٹیم کے خسارے کو3-1 کردیا۔ ریفری کی اختتامی وسل پر بلئجی بلوچ کی ٹیم3-1 سے فاتح بن کر میدان سے باہر لوٹ گئی۔ دوسرے میچ میں نیشنل آفریدی نے کلاکوٹ یونین کو 3-1سے شکست دیدی۔میچ کی نمایان خصوصیت فاتح ٹیم کے اظہر صالح کی شاندار ہیٹ ٹرک تھی جس نے میچ کے تینوں گول اسکور کیے۔ پہلے ہاف میں نیشنل آفریدی کی طرف سے21 ویں منٹ میں اظہر صالح نے گول بناکر اپنی ٹیم کو میچ میں1-0 کی سبقت دلوادی۔ کلاکوٹ یونین نے گول برابر کرنے کی کوشش کی، لیکن کامیابی نہیں مل سکی۔وقفے میں نیشنل آفریدی کی ٹیم کو 1-0کی برتری حاصل تھی۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں ایک گول کے خسارے میں جانے والی سائوتھ کی کلاکوٹ یونین نے جوابی حملے میں39 ویں منٹ میں نعمان نے گول اسکور کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔مقابلہ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے پانچ منٹ بعد44 ویں منٹ میں اظہر صالح نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں ایک بار پھر2-1 کی برتری دلوادی۔ میچ کا تیسرا گول51 ویں منٹ میں اظہر صالح نے اسکور کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرکے نیشنل آفریدی کی ٹیم کو میچ میں3-1 سے سرخرو کردیا۔