لاہور(جسارت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے عالمی کپ سے اخراج کے بعد پی سی بی حکام کی جانب سے بڑی تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے اور ذرائع کا دعوی ہے کہ گرین شرٹس کی بیٹنگ میں خامیوں کو دور کرنے کیلئے سابق ریکارڈ ساز بیٹسمین یونس خان کی خدمات بطور بیٹنگ کوچ حاصل کرنے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں جو اس منصب کیلئے فیورٹ امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے نئے کوچنگ اسٹاف کی تقرری کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں اور اس بار قرعہ فال پاکستان کے سابق کرکٹرز کے نام نکلنے کا قوی امکان ہے کیونکہ ملکی سطح پر بھی اس بات کا شدت کے ساتھ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ غیر ملکی کوچنگ اسٹاف سے گریز کرتے ہوئے ماضی قریب میں قومی ٹیم سے علیحدہ ہونے والے بڑے اسٹارز کی خدمات مستعار لی جائیں۔