بین اسٹوکس کو انگلینڈ کا اعلی ترین اعزاز نائٹ ہڈ دیا جائے گا

297

لندن(جسارت نیوز) ورلڈ کپ فائنل میں شاندار اننگز کھیل کر انگلینڈ کو ورلڈ چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے آل رائونڈر بین اسٹوکس کو انگلینڈ کا اعلی ترین اعزاز نائٹ ہڈ دیا جائے گا۔ لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل میں اسٹوکس نے ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔فائنل میچ میں بین اسٹوکس نے چار وکٹیں جلد گرنے کے بعد ناقابل شکست 84رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ جوز بٹلر کے ہمراہ اہم شراکت قائم کی جس کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم کی میچ میں واپسی ہوئی تھی۔بین اسٹوکس کو ان کی شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا اور اب انہیں انگلینڈ کے اہم ترین اعزازات میں سے ایک نائٹ ہڈ سے نوازا جائے گا۔تھریسامے کی جگہ انگلینڈ کے نئے وزیر اعظم بننے کی ریس میں شامل جانسن اور ہنٹ دونوں سے جب پوچھا گیا کہ کیا اسٹوکس کو نائٹ ہڈ دیا جائیگا تو انہوں نے اس کی تصدیق کی۔یہ اعزاز کسی بھی فرد کو اس کی برطانیہ کے لیے شاندار خدمات پر بادشاہ یا ملکہ برطانیہ کی طرف سے دیا جاتا ہے اور جس شخص کو یہ اعزاز دیا جاتا ہے وہ اپنے نام کے ساتھ سر لگا سکتا ہے۔اگر بین اسٹوکس کو یہ اعزاز دیا جاتا ہے تو وہ اسے وصول کرنے والے انگلینڈ کے 12ویں اور مجموعی طور پر 23ویں کرکٹر ہوں گے۔ اس سے قبل سابق عظیم انگلش اوپننگ بلے باز ایلسٹر کک وہ آخری کھلاڑی تھے جنہیں یہ اعزاز دیا گیا تھا۔