نوابشاہ، زمین اور گھر ہتھیانے کے لیے پولیس کا مظلوم خاندان پر ظلم

227

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) بااثر ریٹائر پولیس اہلکار اکبر سیال کا زمین اور گھر ہتھیانے کے لیے مظلوم خاندان پر ظلم، گپچانی پولیس اپنے پیٹی بھائی کو بچانے کے لیے ٹال مٹول سے کام لینے لگی۔ تحفظ اور انصاف کے لیے خاتون پریس کلب پہنچ گئی۔ تعلقہ دوڑ کے نواحی گاؤں گل حسن سیال کی رہائشی مسمات آمنہ زوجہ گل حسن سیال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بااثر ملزمان میر حسن سیال، ماسٹر شبیر سیال، ماسٹر اسلم سیال، ریٹائر پولیس اہلکار اکبر سیال، محمد مٹل سیال اور سرکشن سیال نے میرے گھر پر دو مرتبہ حملہ کیا اور میری بیٹیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ آمنہ سیال نے کہا کہ میں نے دونوں واقعات کی درخواستیں ایس ایس پی بے نظیر آباد تنویر حسین تنیو کو دی۔ جس پر ایس ایس پی نے ایس ایچ او گپچانی کو کارروائی کے احکامات دیے۔ پولیس اپنے ریٹائر پیٹی بھائی کو بچانے کے لیے کارروائی کرنے سے گزیز کررہی ہے۔ ایس ایس پی کے احکامات والی درخواست کو پولیس نے ردی کی ٹوکری میں ڈالا ہوا ہے۔ بااثر ریٹائر پولیس اہلکار میرے شوہر گل حسن سیال اور اس کے بھائیوں علی بخش، ممتاز علی، امتیاز علی اور دیگر عزیز و اقارب کیخلاف بے بنیاد مقدمات درج کراکر زمین اور مکان ہتھیانہ چاہتے ہیں۔ مسمات آمنہ سیال نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی بے نظیر آباد، ایس ایس پی تنیویر حسین تنیو سے اپیل کی کہ میرے شوہر اور اس کے بھائیوں کو جان کا خطرہ ہے۔ انہیں اگر کچھ ہوا تو اس کی تمام تر ذمے داری اکبر سیال اور اس کے ساتھیوں پر عائد ہوگی۔ آمنہ سیال نے میڈیا کے ذریعے تحفظ کی اپیل کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ملزمان کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔