بے نامی جائیدادوں سے زرداری کا تعلق نہیں حکومت نیب کے بجائے عدالت جائے،پیپلزپارٹی

190

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بے نامی جائدادوں سے آصف علی زرداری کا کوئی تعلق نہیں ہے ‘ نیب کو معاف کریں اور عدالتوں میں ہمارے خلاف جائیں لیکن میڈیا پر آکر باتیں کیوں کرتے ہو، اپوزیشن کا نمائندہ سینیٹ کا چیئرمین ہوگا،حکومت صوبوں کے ساتھ نا انصافی کررہی ہے، ریکوڈک کا کیس مشرف دور کے زمانے کی بات ہے جس جادو نے وزیراعظم کو کرسی پر بٹھایا اب وہ بے اثر ہوتا جارہا ہے، عذیر بلوچ کو اب کیوں زندہ کررہے ہیں وہ پہلے کن کے پاس تھا اور بیانات کس نے لیے ،وزیراعظم امریکا میں تحفظ حاصل کرنے کی وجہ سے سفارت خانے میں رہیں گے ،سفارت خانے میں رہنے کی وجہ بچہ بچہ جانتا ہے، آصف علی زرداری نے بیرونی دوروں پر جو اخراجات کیے وہ جائز اور قانون کے مطابق تھے‘ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات 2 سال پہلے ہماری باتیں کرتی تھیں لیکن جب اس پارٹی کو چھوڑیں گی تو ان کے خلاف بولیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اب جھوٹوں کے چودھریوں کی حکومت ہے،ان کا کام صرف گزشتہ حکومت کو گالیاں دینا اور گرفتار کرنا ہے،اس حکومت نے ایک عینک والا جن پال لیا ہے کبھی خاتون اور کبھی انسان بن کر آتا ہے بڑی بڑی باتیں کرتا ہے لیکن سیف الرحمن کی طرح بھاگ جائے گا۔