علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر پرندوں کی یلغار کے باعث اندرون اور بیرون ممالک سے آنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا جبکہ لاہور سے روانہ ہونے والی 12 سے زائد پروازیں تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اچانک فضا میں پرندوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کی وجہ سے لاہور ائر پورٹ کے رن وے کو عارضی طور پر بند کردیا جس کے نتیجے میں متعدد پروازیں متاثر ہوئیں۔
پیرس، دبئی، مدینہ اور دوحہ سے لاہور آنے والی پروازوں کو کراچی، سیالکوٹ، ملتان میں اتارنا پڑا۔ رن وے سے پرندوں کو اڑایا گیا جس کے بعد ان پروازوں کو واپس لاہور روانہ کیا گیا۔ پرندوں کی وجہ سے لاہور سے روانہ ہونے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوگئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میں بارش کے بعد رن وے پر دوگھنٹے سے زائد وقت تک پرندوں نے قبضہ جمالیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے برڈ شوٹر ایک سے دو گھنٹے تک پرندوں کو ہوا میں فائر کر کے بھگاتے رہے اور دو گھنٹے بعد لاہور ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا۔