کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں ایک بار پھر ٹرانسپورٹ مافیا نے من مانی کرتے ہوئے فی اسٹاپ کرائے میں یک دم 10 تا 20 روپے کا اضافہ کرتے ہوئے کم از کم کرایہ 25 اور زیادہ سے زیادہ کرایہ 50 روپے فی مسافر مقرر کردیا ہے اور زاید کرایہ ادا نہ کرنے والے مسافروں کے ساتھ بد تمیزی و بسوں سے اتارنے کی شکا یات بھی سامنے آرہی ہیں جبکہ اردو املا کی اغلاط سے بھرپور کرائے کی جعلی فہرستیں بسوں و کوچز کے ونڈ اسکرین پر آویزاں کردی گئی
ہیں۔ حکومت کی جانب سے کسی قسم کا اعلامیہ جاری ہونے سے قبل ہی شمع کوچ، F-11، داتا کوچ، W-11، 17-J، S-2، W-21 سمیت شہر میں چلنے والی بیشتر بسوں کے کرائے میںہائی اسپیڈ ڈیزل اور سی این جی کی قیمتوں میںحالیہ اضافے کو جواز بناتے ہوئے فی مسافر کرائے میں اضافہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جولائی2018ء میں ڈیزل کے فی لیٹر نرخ میں اضافے کو جواز بناتے ہوئے 13 روپے فی مسافر کا اضافہ کیاگیا تھا۔ نئے نرخ نامے کے مطابق کم از کم کرایہ 25روپے اور زیادہ سے زیادہ کرایہ 45تا 50روپے مختص کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل کم از کم کرایہ 15 روپے اور زیادہ سے زیادہ کرایہ 30 روپے تھا۔ سخی حسن تا ایف ٹی سی فلائی اوور سفر کرنے والے مسافروں کے مطابق شمع کوچ و F-11 روٹ کی بسیں فی مسافر 10تا 20 روپے زایدکرایہ وصول کررہی ہیں جبکہ خواتین، بچوں و بزرگوں سمیت زاید کرایہ ادا نہ کرنے والے مسافروں کو بسوں سے اتارا جارہا ہے ۔ مسافر وں کے مطابق بسوں سے سفر ان کی مجبوری ہے جس کا ناجائز فائدہ اٹھایا جارہا ہے اور موجودہ اضافہ حکومت و ٹرانسپورٹ کے ذمے دار حکام کی بے بسی اور ساکنان شہر قائد کی ٹرانسپورٹ مافیا کے ہاتھوں کئی دہائیوں سے یرغمال ہونے کا کا تازہ ترین منہ بولتا ثبوت ہے۔