اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے سابق وزیر اعظم نوازشریف اور شہباز شریف کے سیکورٹی اخراجات کی تفصیلات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی روٹی، روزگار اور کاروبار بند ہوگیا ہے، کابینہ اجلاس میں اس پر بھی بات کر لی جاتی۔مریم اورنگ زیب نے کابینہ کے اجلاس کی کارروائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ سلیکٹڈ، نالائق اور معاشی دہشت گرد ہیں، اسٹیٹ بینک
کا شرح سود میں ایک فیصد اضافہ دراصل آپ کی 100فیصد نالائقی کا ثبوت ہے ۔وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آج کابینہ کے اجلاس میں غریب عوام کی 15روپے کی روٹی اور 20روپے کے نان کی بھی بات کر لیتے، عوام کی روٹی، روزگار اور کاروبار بند ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کی منی لانڈرنگ اور ایک کھرب کے پشاور میٹرو کے کھڈوں کا بھی ذکر کر لیتا۔مریم اورنگ زیب نے کہا کہ نواز شریف نے5 سال میں عوام کو11ہزار میگاواٹ بجلی، 10ہزار کلو میٹر سڑکیں اور سی پیک دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ایک کروڑ نوکری اور 50لاکھ گھر کیسے ملیں گے کا اس پر بھی بات کر لیتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ٹی وی لگالیں، ڈالر مزید مہنگا ہوگیا ہے اور پالیسی ریٹ 12.25 فیصد سے 13.25 ہو گیا۔