لندن (جسارت نیوز)برطانیہ کی گلیمورگن کانٹی کرکٹ کلب نے پاکستان کے بلے باز فخر زمان کو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ کے لئے اپنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔29سالہ بلے باز گلیمورگن کے لئے ابتدائی آٹھ میچوں میں کھیلیں گے، انہیں آسٹریلیا کے شان مارش کی جگہ بطور متبادل منتخب کیا گیا ہے۔شان مارش عالمی کپ کے مقابلوں کے دوران انجری کا شکار ہو گئے تھے۔فخر زمان نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کریئر میں 89 میچز کھیلے ہیں، جس میں 30 انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز بھی شامل ہیں۔انہوں نے 140 کے اسٹرائک ریٹ کے ساتھ 28 کی اوسط سے 2300رنز بنائے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلیمورگن کی ٹیم میں شمولیت سے بہت خوش ہوں اور میں کارڈف کے میدان میں کھیلنے کے لئے تیار ہوں۔انہوں نے کہا اس میدان میں میری بہت اچھی یادیں وابستہ ہیں، یہاں پر ہم نے چیمپئن ٹرافی کا سیمی فائنل جیتا تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گلیمورگن بلاشبہ ایک بڑا کرکٹ کلب ہے، امید کرتا ہوں کہ میں اس کی جیت میں اہم کردار ادا کرسکوں۔گلیمورگن کرکٹ کلب کے ڈائریکٹر مارک وِلس نے کہا کہ شان مارش کی عدم دستیابی سے مایوسی ہوئی تاہم فخر زمان کی ٹیم میں شمولیت ایک اچھی خبر ہے۔