ڈی سی سانگھڑ کی تعلقہ اسپتال میں کھلی کچہری شکایتوں کے انبار

215

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت ) سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم میں ایک کھلی کچہری منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نثار احمد میمن، ڈی ایچ او سانگھڑ ڈاکٹر شگفتہ عابد، اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم اعجاز جتوئی، چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم مسرور احسن غوری ،ٹنڈوآدم بار ایسوسی کے سابق صدر علی اکبر ڈوگر، ایم ایس تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم اشفاق میمن نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں جماعت اسلامی کے رہنما مشتاق احمد عادل، انجمن تاجران کے صدر محمد اقبال بھٹی، ٹنڈوآدم بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر علی اکبر ڈوگر ایڈووکیٹ، پریس کلب کے جنرل سیکرٹری امداد راہی، عمران غوری ،وقاص یوسفزئی ،کونسلر حاجی انور علی عباسی، سماجی شخصیت مرزا اشفاق بیگ اور دیگر نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایچ او کی توجہ تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم میں ساڑھے چار لاکھ روپے گیس کا بل جمع نہ ہونے کے باعث جنریٹر کا نہ چلنا، ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف، بجٹ، ادویات، ویکسین کی کمی، صفائی و ستھرائی کے انتظامات بہتر نہ ہونے، اسپتال میں کالونی سیوریج سسٹم کی مکمل خرابی، تعلقہ اسپتال کے سامنے ٹوٹی ہوئی سڑک، گردوں اور دل کا وارڈ نیا اسٹاف بھرتی نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ 5 برسوں سے بند ہے جبکہ ٹراما سینٹر میں بھی سہولیات نہیں ہیں رات کے وقت میں ڈاکٹروں کی سیکورٹی کا کوئی بندوبست نہیں ہے کتے کے کاٹنے، اے ٹی ایس سمیت کوئی ویکسین نہیں ہے نئی ایمبولینس کی اشد ضرورت ہے اسپتال میں13 ڈاکٹرز کی پوسٹیں خالی ہیں اکثر نوجوان ڈاکٹروں کا تھر تبادلہ کردیا گیا ہے جبکہ شہر کے مشرقی حصے جسکی آبادی ایک لاکھ نفوس پر مشتمل ہے وہاں کوئی ایم بی بی ایس ڈاکٹر، سرکاری اسپتال یا ڈسپنسری نہیں ہے ڈسپنسری کیلیے بنائی گئی عمارت موجود ہے جو گزشتہ دس سالوں سے اسٹاف کا تقرر نہ ہونیکے باعث بند ہے ریلوے پھاٹک کی وجہ سے مریضوں کو شہر آنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ایم ایس ڈاکٹر اشفاق میمن نے بھی اسپتال کی ضروریات کا تفصیلی ذکر کیااور کہا کہ فنڈز کی کمی کے باعث اتنی بڑی آبادی پر مشتمل تعلقے کے عوام کی صحت کی ضروریات پوری نہیں ہو پا رہی ہیں. روزانہ آٹھ سو مریضوں کی او پی ڈی ہے چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم مسرور احسن غوری نے کہا کہ ٹنڈوآدم مونسپل کمیٹی کا اسپتال ہے وہاں ایک مرد اور لیڈی ڈاکٹر دے دی جائے تو ہم اس اسپتال کو اسٹارٹ کرسکتے ہیں جبکہ اسوقت شہر میں سیوریج کا بڑا مسئلہ ہے سیوریج اور واٹر کا انتظام محکمہ پبلک ہیلتھ کے حوالے ہونے سے خصوصاً جوہر آباد میں جگہ پانی سڑکوں پر آرہا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ ڈسپوزل بھرے ہوئے ہیں انکی نکاسی کیلیے ڈی سی سانگھڑ توجہ دیں اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم اعجاز جتوئی نے کہا کہ ٹنڈوآدم کے علاقے جوہر آباد میں ڈسپنسری کیلیے اسٹاف مہیا کیا جائے تو مونسپل کمیٹی کے چیئرمین اور ہم سب شہری، انجمن تاجران، مخیر حضرات مل کر اس کو چلا لیں گے ڈاکٹر شگفتہ عابد نے کہا کہ اسٹاف کی کمی کا مسئلہ ہرجگہ ہے چند دنوں میں عملے کی بھرتی کا عمل شروع ہو جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نثار احمد میمن نے چیئرمین مونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم کو تعلقہ اسپتال کا گیس کا بل جمع کروانے کی ہدایت کی جبکہ ایم ایس اشفاق میمن کو اسپتال کے معاملات مزید بہتر کرنے اور اسپتال کی ضروریات کی لسٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اسپتال میں صفائی کے انتظام بہتر کریں۔انہوں نے ڈی ایچ او کو بھی ہدایت کی ہے کہ ادویات کی دستیابی اور عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔