سکھر( نمائندہ جسارت)ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ سکھرنے دسویں جماعت (سائنس وجنرل گروپس) کے سالانہ امتحانات 2019ء کے نتائج کا اعلان کردیاِ، نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں پہلی تینوں پوزیشنیں طالبات نے حاصل کرلیں۔ سائنس گروپ میں شریک امتحان میں 53315 امیدواروں میں سے 42656 مختلف گریڈز میں پاس اور 10559 امیدوار فیل ہوگئے۔ جنرل گروپ میں امتحان دینے والے 3872 امیدواروں میں سے مختلف گریڈز میں 2380 امیدوار پاس اور 1383 فیل ہوگئے۔ سائنس گروپ میں ایک سو امیدواروں اور جنرل گروپ میں 109 امیدواروں کے نتائج مختلف وجوہات کی بنا پر روک لیے گئے۔ سائنس گروپ میں امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 80 فیصد جبکہ جنرل گروپ میں کامیابی کا تناسب 61 فیصد رہا۔ مجموعی طور پر میرٹ کی بنیاد پر شریک امتحانات طلبہ اور طالبات میں گلوبل پبلک اسکول تالپور وڈا ضلع خیرپور کی طالبہ دعا بنت ضمیر علی تھیبو (سیٹ نمبر164103) نے 776 نمبر حاصل کر کے اے ون گریڈ کیساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ حرا پبلک ہائر سیکنڈری اسکول سکھر کی طالبہ دعا فاطمہ بنت محمد ادریس میمن (سیٹ نمبر126948) نے 772 نمبر حاصل کر کے اے ون گریڈ کیساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول خیرپور کی (سیٹ نمبر 154399) کی طالبہ ماجدہ حسین بنت زہد حسین میتلو نے 771 نمبروں کیساتھ اے ون گریڈ حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔