عالمی عدالت انصاف بھارتی جاسوس کل بھوشن کا فیصلہ آج سنائے گی

404

دی ہیگ(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی عدالت انصاف پاکستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو سے متعلق کیس کا فیصلہ آج 17 جولائی کو سنائے گی،پاکستانی وقت کے مطابق کیس کا فیصلہ شام 6 بجے سنایا جائے گا۔

کلبھوشن کیس کا فیصلہ سننے کے لیے اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور کی قیادت میں پاکستانی وفد ہالینڈ پہنچ گیا ہے، ڈی جی سارک اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل بھی پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔ بھارت نے نیوی کمانڈر کلبھوشن یادو کی بریت کی درخواست دائر کررکھی ہے۔

کلبھوشن کیس کی آخری سماعت 18 سے 21 فروری تک ہوئی تھی جس میں بھارت اور پاکستان کے وفود نے شرکت کی تھی۔بھارتی وفد کی سربراہی جوائنٹ سیکرٹری دیپک متل نے کی تھی جب کہ پاکستانی وفد کی سربراہی اٹارنی جنرل انور منصور خان کررہے تھے۔عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادو سے متعلق کیس کا فیصلہ 21 فروری کو محفوظ کیا تھا۔اعلامیے کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے صدر جج عبدالقوی احمد یوسف ہیگ کے پیس پیلس میں فیصلہ سنائیں گے۔

واضح رہے کہ کلبھوشن یادو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، اس پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا ہے۔10 اپریل 2017 ء کو کلبھوشن کو جاسوسی، کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنائی گی تھی لیکن بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں معاملہ لے جانے کے سبب کلبھوشن کی سزا پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔

پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 25 دسمبر 2017 ء کو کلبھوشن یادو کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کرائی جبکہ اس ملاقات میں کلبھوشن نے والدہ اور اہلیہ کے سامنے جاسوسی کا اعتراف کیا۔