مظفر آباد/اسلام آباد(خبرایجنسیاں+نمائندہ جسارت)آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں لیسوا کے مقام پر طوفانی بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 37 افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتا ہوگئے۔ 3گاؤں اپربیلہ، لوئربیلہ اور جندراں صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔ 160مکانات اور لیسوا بازارجس میں تقریبا 71 دکانیں تھیں مکمل طورپر تباہ ہوگئیں۔اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر آپریشن سعید الرحمن قریشی کے مطابق لیسوا میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں طوفانی بارش اور سیلاب سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ علاقے میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا اور موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل ہوگئیں۔ سیلاب کی زدمیں آکر 2 مساجد بھی بہہ گئیں، جاں بحق ہونے والوں میں تبلیغی جماعت کے 12 ارکان شامل ہیں جو کہ مسجد میں ٹھہرے ہوئے تھے، جن میں سے 4 افراد کا تعلق لاہور، 5 کا فیصل آباد اور ایک کا شیخوپورہ سے ہے۔ سعید الرحمن قریشی نے مزید بتایاکہ کئی گھروں پر آسمانی بجلی گری اور کلاؤڈ برسٹ ہوا۔حکام کے مطابق 6پن چکیاں بھی مکمل تباہ ہوئی ہیں جبکہ 6گاڑیاں اور 10موٹر سائیکلیں آبی ریلے میں بہہ گئیں جن میں سے 2گاڑیاں علاقے میں آنے والے سیاحوں کی تھی، جنہیں اب وہاں سے نکلنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔بنیادی صحت کے 3 مراکز بھی تباہہوئے ہیں۔ علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور ان میں حکام کے مطابق ایس ڈی ایم اے،پاک فوج، مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اور محکمہ صحت کے اہلکاروں کے علاوہ مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی شریک ہے جبکہ لاپتا افراد کی تلاش بھی جاری ہے،لاپتا ہونے والوںمیں سے 9مقامی ہیں جبکہ 2فرنیٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ملازم بتائے جاتے ہیں۔ حکام کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے مظفرآباد میں ایمر جنسی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے جس کا نمبر 05821921643 ہے۔دوسری جانب کامسر ڈونگاکس کے مقام پر شدید بارش سے پھسلن کے نتیجے میں مسافر جیپ دریائے نیلم میں جاگری جس کے نتیجے میں5افراد جاں بحق ہوگئے۔جیپ میں ایک بچی سمیت 6 افراد سوار تھے۔ مقامی پولیس کے مطابق حادثے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ادھر نوسیری کے مقام پر 2خواتین سمیت مزید 5افراد دریائے نیلم میں بہہ گئے۔صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان اور وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے قدرتی آفت سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر متاثرین کی مدد اور ان کی آبادکاری کرے گی۔ادھر وزیر اعظم عمران خان نے بھی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم نے بے گھر ہونے والے افراد کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے ۔
سیلابی ریلا