آئی جی سندھ کے حکم پر اہم سیاسی و مذہبی رہنمائوں کی اضافی سیکورٹی واپس

279

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کے حکم پر کراچی پولیس نے سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات، موجودہ اور سابق پولیس افسران، تاجروں اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے اضافی سیکورٹی واپس لے لی۔وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی، صوبائی وزیر شہلا رضا اورپیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ کی حفاظتی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کی تعداد میں بھی کمی کردی گئی۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق 232 پولیس اہلکاروں کو واپس اپنے یونٹس میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ عدالت عظمیٰ کے حکم پر سندھ میں اہم شخصیات کی سیکورٹی خدشات سے متعلق نگرانی کے لیے صوبائی کمیٹی قائم کی گئی تھی‘ اس کی سفارشات پر مختلف رہنمائوںکو سیکورٹی فراہم کی جاتی ہے۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ حال ہی میں اس صوبائی سیکورٹی کمیٹی کا اجلاس آئی جی سندھ کی صدارت میں ہوا تھا جس میں 232 اضافی پولیس اہلکاروں کو ان شخصیات سے واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی سیکورٹی پر تعینات اضافی پولیس اہلکاروں کو واپس بلایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سعید غنی اور شہلا رضا کی سیکورٹی پر 18، 18 پولیس اہلکار تعینات تھے جن میں سے ہر ایک کے پاس سے8، 8 اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا۔ تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں شخصیات کی سیکورٹی پر 10، 10 پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے جس میں 5 اہلکار گھر کی سیکورٹی اور5 سفر کے دوران تعینات ہوں گے۔ یاد رہے کہ سابقچیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ایک کیس کی سماعت کے دوران چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے انسپکٹر جنرلز کو ہدایت کی تھی کہ وہ غیر مجاز افراد سے سیکورٹی واپس لیں۔