حافظ سعید کیخلاف مقدمات سے متعلق درخواست پر وفاق سے جواب طلب

380

لاہور (آن لائن) لاہور ہائی کورٹ نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے خلاف درج مقدمات کے خاتمے سے متعلق درخواست پر وفاقی و صوبائی حکومت اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے2 ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔ عدالت عالیہ میں جسٹس شہرام سرور اور جسٹس وحید خان پر مشتمل بینچ نے حافظ سعید اور دیگر7 افراد کی درخواست پر سماعت کی‘ جس میں وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور ریجنل ہیڈکوارٹر سی ٹی ڈی کو فریق بنایا گیا ہے۔ اس دوران درخواست گزاروں کی طرف سے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور دلائل دیے، تاہم عدالت میں وفاقی حکومت کی طرف سے پیش وکیل نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کیا۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ یہ درخواست ناقابل سماعت ہے جس پر درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ان کے موکل پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔