چارسدہ (آن لائن) تھانہ سرو کے حدودعلاقے خواجہ وس میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام ، ماربل فیکٹری سے 20کلوگرام بارود،1600بارودی ڈنڈے ،50 سیفٹی فیوز اور دیگر مواد برآمد کرکے نامعلوم دہشت گرد تنظیم کے کارندوں کے خلاف مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس افسر چارسدہ عرفان اللہ کو اطلاع ملی کہ ایک ویران ماربل فیکٹری میں نامعلوم تنظیم کے دہشت گردوں نے بھاری مقدار میں بارودی مواد چھپا رکھا ہے، جس پر ڈی ایس پی شبقدر محمد ریاض کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے کر ایس ایچ او خواجہ وس قاضی عظمت اوربم ڈسپوزل سکواڈ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اس دوران بی ڈی ایس نے ویران فیکٹری سے 20 کلوگرام بارود ، 1600 بارودی ڈنڈے، 50 سیفٹی اور دیگر مواد جو کہ پلاسٹک کے بوری میں بند تھے ناکارہ بنادیے۔ خواجہ وس پولیس نے نامعلوم دہشت گرد تنظیم کے کارندوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی۔یاد رہے کہ اس سے پہلے کئی مرتبہ شبقدر اور اسکے نواحی علاقوں میں دہشت گردی کے کئی واقعات ہوچکے ہیں جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہے ۔