نوابشاہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) سندھ کے تیسرے بڑے پیپلز میڈیکل کالج اسپتال میں آٹھ گھنٹوں تک بجلی بند ہونے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بجلی بندش سے پچاس سے زائد آپریشن ملتوی کردیے گئے۔ اسپتال میں نصب چار ہیوی جنریٹر انتظامی نااہلی کے باعث خراب پڑے ہیں دو ر دراز کے علاقوںسے آنے والے اور حادثات میں زخمی ہونے والے مریض سٹی اسکین نہ ہونے کے باعث پریشان۔ پیر کی صبح پیپلز میڈیکل کالج اسپتال کی بجلی بند ہوگئی اس سلسلے میں انتظامیہ کے مطابق انہیں حیسکو کی جانب سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی جبکہ بجلی بند ہونے کے بعد اسپتال میں نصب چار ہیوی جنریٹر جو انتظامیہ کی نااہلی کے باعث خراب پڑے ہیں بھی بند ہونے کی وجہ سے پورا اسپتال اندھیرے میں ڈوب گیا۔ اسپتال کے دس سے زائد وارڈوں میں داخل سیکڑوں مریضوں کی حالت غیر ہوگئی جبکہ گھنٹوں بجلی بند ہونے کی وجہ سے گائنی، سرجیکل، ہڈیو ں اور دیگر وارڈوں میں ہونے والے پچاس سے زائد آپریشن ملتوی کردیے گئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق پیپلز میڈیکل اسپتال میں انتظامی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے ادویات کی قلت ہے جبکہ جنریٹروں کے پیٹرول، ڈیزل و مرمت کی مد میں لاکھوں کا بجٹ ہے مگر جنریٹر بند ہیں ۔دوسری جانب مریضوں نے بھی شکایات کرتے ہوئے کہا کہ وارڈوں میں سینئر ڈاکٹر موجود نہیں مریضوں کو جونیئر ڈاکٹروں کے حوالے کردیا گیا ہے جو مریضوں پر تجربات کرتے ہیں ۔