وزیراعظم کے دورہ امریکا کا ایجنڈا اور آئی ایم ایف سے معاہدہ سامنے لایا جائے،سراج الحق

258
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان مرکزی ذمہ داران کے اجللاس سے خطاب کررہے ہیں
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان مرکزی ذمہ داران کے اجللاس سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے دورہ امریکا کا کوئی ایجنڈا سامنے آیا ہے نہ اس بارے میں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا گیا ہے، اب تک حکومت آئی ایم ایف سے خفیہ معاہدے کو بھی سامنے نہیںلائی،سیاست کو بند گلی میں لے جانا حکومت کی ناکامی ہے ۔معیشت کو ٹھیک کرنے اور مہنگائی کم کرنے کے بجائے حکومت ہروقت جنگ پر آمادہ رہتی ہے ۔ ابھی تو عوام نے کوئی بڑا احتجاج بھی نہیں کیا اور حکومت کے اوسان خطا ہوگئے ہیں ۔ حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو عوام زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے ۔حکومت معاشی ،تعلیمی اور صحت کی پالیسیاں تک درآمد کررہی ہے جبکہ برآمدات پر بھاری ٹیکس لگا کر ان کا راستہ روک رہی ہے ۔مزدور سے تاجر اور کسان سے زمیندارتک زندگی کا ہر طبقہ مفلوج اور پریشان ہے جبکہ مڈل کلاس طبقہ تو ختم ہوکر رہ گیا ہے۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس وقت ملک پر ظلم کا نظام مسلط ہے ، گونگے بہرے حکمرانوںکو عوام کی چیخیں تو سنائی نہیں دیتیں مگر آئی ایم ایف کے احکامات پر بڑی سرعت اور فرمانبرداری سے عمل کیا جارہا ہے ۔حکومت جس دروازے پر سجدہ ریز ہے وہ خود کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس پاکستان کے معاشی مسائل کا کوئی حل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک حکومت آئی ایم ایف سے خفیہ معاہدے سامنے نہیںلائی۔عوام پر بھاری ٹیکسوں اور مہنگائی کا کوہ ہمالیہ لاد کر حکمران سمجھتے ہیں کہ وہ بڑے کامیاب ہیںجبکہ عوام کے صبرکا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔اگر عوام سڑکوں پر آگئے تو حکمرانوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کے 18 حادثات میں مسافروں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں مگر افسوس کہ احتساب کا کوئی نظام ہے نہ کسی نے ذمے داری قبول کی ہے ۔ ذمے داران کے اجلاس میں لاہور، فیصل آباد،کراچی اور ملتان کے عوامی مارچ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ راولپنڈی کا عوامی مارچ حکومت کے خلاف ایک عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔