اسلام آباد،پنجاب، خیبر پختونخوا،کشمیر اور گلگت میں بارش،گرمی کا زورٹوٹ گیا

253

لاہور/پشاور(صباح نیوز) اسلام آباد،راولپنڈی سمیت پنجاب اورخیبر پختونخواکے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسلادھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، کراچی کا مطلع جزوی ابرآلود رہا اور تیز گردآلود ہوائیں چلتی رہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، حافظ آباد، مری ، پشاور اور صوابی میں تیز ہوا وں کے ساتھ بادل برسے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔لاہور اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں رات سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، کئی علاقے زیر آب
آگئے۔پشاور میں بارش کے بعدموسم خوشگوار ہوگیا تاہم کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔شہر گزشتہ کئی دن سے شدید گرمی اور حبس کی لپیٹ میں تھا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں رات سے اب تک 85 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ، آئندہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالا ڈویژن، پشاور، کوہاٹ، بنوں، مالاکنڈ، ہزارہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔ذرائع موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،آج درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 54فیصد ہے۔