سندھ حکومت کا لاڑکانہ سے 20 انٹر سٹی اے سی بسیں چلانے کا فیصلہ

218

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ حکومت نے لاڑکانہ میں انٹر سٹی اے سی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ سندھ حکومت نے نجی کمپنی سے معاہدہ کرلیا ہے، نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے لاڑکانہ، نوڈیرو، رتوڈیرو کے درمیان بسیں چلائی جائیں گی۔ دوسری جانب وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے ٹرین حادثوں سے بچنے کیلیے حکومت کو حل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نئی ٹرینیں چلانے سے بہتر ہے انگریز کے دور میں بچھائی گئی پٹریوں کو اپ
گریڈ کرے۔ تفصیلات کے مطابق اویس شاہ نے کہا ہے کہ لاڑکانہ سٹی میں پیپلز بس کے نام سے 20 سے 30 بسیں مختلف روٹس پر چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ بسوں کا افتتاح چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری سے کروایا جائے گا، سندھ حکومت نجی کمپنی کو تکنیکی مدد، ڈپو کی زمین فراہم کرے گی۔ سندھ کے دیگرشہروں میں بھی بہت جلد بسیں لائیں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ حکو مت نے ریلوے پٹریوں کو اپ گریڈ نہیں کیا تو مزید حادثے ہوسکتے ہیں۔ شیخ رشید سمجھدار وزیر ہوتے تو پہلے پٹریاں مضبوط کرواتے۔ خان صاحب شیخ رشید سے ریلوے کی وزارت واپس لیں اور انہیں جھوٹ بولنے والی وزارت دے دیں۔