ملازمین کو ذمہ دار قرار دیکر شیخ رشید نااہلی نہیں چھپا سکتے،اویس شاہ

163

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے ٹرین حادثوںا سے بچنے کے لیے حکومت کو حل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نئی ٹرینیں چلانے سے بہتر ہے انگریز کے دورمیں بچھائی گئی پٹریوں کو اپ گریڈ کرے۔ایک بیان میںاویس شاہ نے کہاکہ حکو مت نے ریلوے پٹریوں کو اپ گریڈ نہیں کیا تو مزید حادثے ہوسکتے ہیں۔ریلوے ٹریک کمزور ہونے کی وجہ سے روزانہ ریلوے میں حادثات ہورہے ہیں،شیخ رشید سمجھدار وزیر ہوتے تو پہلے ریلوے پٹریاں مضبوط کراتے۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی وزارت کے دوران 13 سے زائد ٹرین حادثے ہوچکے ہیں، آئے روز استعفا جیب میں رکھنے والا شخص اب ریلوے حادثوں پر استعفا نہیں دے رہا۔وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے کہا کہ ٹرین حادثوں کا ملازمین کو ذمے دار قرار دے کر شیخ رشید اپنی نااہلی چھپا نہیں سکتے۔حادثات سے بچائو کے لیے وفاقی وزارت ریلوے نے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی،خان صاحب شیخ رشید سے ریلوے کی وزارت واپس لیں اور اسے جھوٹ بولنے والی وزارت دے دیں۔