لندن /لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک +خبرایجنسیاں) برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف نے اپنے دورحکومت میںزلزلہ متاثرین کی دی جانے والی برطانوی امداد میں سے رقم چوری کی اور منی لانڈرنگ سے بیرونِ ملک بھجوائی۔ڈیلی میل نے اتوار کو شائع ہونے والی اس رپورٹ میں موجودہ پاکستانی حکومت کی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں بتایا ہے کہ مسلم لیگ نواز کے رہنما شہباز شریف نے برطانوی امداد میں سے پیسے چرا کر برطانیہ میں شریف خاندان کے اکاؤنٹ میں بھیجے تاہم برطانوی امدادی ادارے (ڈی ایف آئی ڈی) اور مسلم لیگ نواز دونوں نے اس خبر کی تردید کی ہے۔خبر میں زلزلے کے بعد بحالی و تعمیر نو کے لیے ایرا نامی پاکستانی ادارے میں کرپشن کا ذکر کیا گیا ہے۔خبر میں تحریک انصاف حکومت کی ایک خفیہ تحقیقاتی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ مسلم لیگ نواز کی حکومت کے دوران شہبار شریف کے داماد نے زلزلہ متاثرین کی امداد میں سے 10لاکھ پونڈ حاصل کیے۔رپورٹ کے مطابق ایرا کے سابق ڈائریکٹر فائنانس اکرام نوید نے گزشتہ نومبر اپنا جرم قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے برطانیہ سے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے 15 لاکھ پاؤنڈ وصول کیے جس میں سے 10 لاکھ پاؤنڈ شہباز شریف کے داماد علی عمران کو دیے گئے۔رپورٹ کے مطابق یہ رقم پہلے برمنگھم بھجوائی گئی اور اس کے بعد اسے شریف خاندان کے اکاؤنٹس میں ڈالا گیا۔رپورٹ میں وزیر اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا بیان بھی شامل کیا گیا جس میں انہوںنے دعویٰ کیاکہ ہماری تحقیقاتی ٹیم نے بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ کے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ منی لانڈرنگ زیادہ تر برطانیہ میں کی گئی۔تحقیقاتی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ڈیلی میل کی خبر میں کہا گیا ہے کہ 2003 ء میں شریف خاندان کے پاس صرف ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ تھے جبکہ 2018 ء میں ان کے اثاثے بڑھ کر 20 کروڑ پاؤنڈ ہو گئے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف برطانیہ میں کیس کھولے جانے کا امکان ہے اور اس حوالے سے تحقیقات شرع کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب برطانیہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی یا ڈی ایف آئی ڈی نے اتوار کو اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ڈیلی میل نے اپنی خبر میں کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیے۔ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ خبر میں ان کا موقف آخر میں دیا گیا جس میں انہوں نے کہاکہ زلزلہ متاثرین کے لیے برطانیہ کی مالی امداد نتائج پر منحصر ہے۔ اس سے مراد ہے کہ پیسے صرف اسی صورت میں ادا کیے جاتے ہیں کہ جب مکمل کام کا جائزہ اور آڈٹ ہو جائے،ہماری امداد سے بننے والے اسکول مکمل ہوگئے تھے اور ان کا آڈٹ بھی کرایا گیا تھا۔ان کے مطابق امداد سے زلزلہ متاثرین کی مدد ہوئی اورہمارے مضبوط نظام نے برطانوی ٹیکس دہندگان کے پیسوں کو محفوظ رکھا۔ ادارے کے مطابق ان کی امداد سے پاکستان میں مشکل وقت میں لاکھوں لوگوں کی مدد ہوئی۔ڈی ایف آئی ڈی نے ڈیلی میل کی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا جبکہ شہزاد اکبر نے اپنے بیان میں زلزلہ متاثرین کی امداد کا ذکر کیے بغیر صرف اتنا کہا کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے شاید ترقیاتی منصوبوں اور امداد میں سے کچھ پیسے چرائے گئے۔ اپنی ساکھ کے بارے میں بتاتے ہوئے ڈی ایف آئی ڈی نے واضح کیا کہ انہوں نے پاکستان میں لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالا اور برطانیہ اور پاکستان دونوں کے استحکام اور سیکورٹی کو بہتر بنایا جس سے بالآخر برطانیہ کو فائدہ پہنچا۔2007ء سے اب تک قدرتی آفات کے دوران برطانیہ نے 80 لاکھ پاکستانیوں کی مدد کی ہے۔ادھر سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خبر کو من گھڑت اورجھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے ڈیلی میل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ خود ساختہ اور گمراہ کن خبر عمران خان اور شہزاد اکبر کے ایما پر چھاپی گئی۔ ہم ان دونوں کی خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ویسے، عمران خان آپ کو ابھی میری جانب سے کیے گئے ہتک عزت کے 3دعووں کا جواب بھی دینا ہے۔ مزیدبرآں شہبازشریف کی مبینہ کرپشن کا دعویٰ کرنے والے برطانوی صحافی ڈیوڈ روز نے کہا ہے کہ ڈیلی میل میں شائع شدہ ان کی خبر سے متعلق مریم اورنگزیب کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے،خبر سے متعلق تمام ثبوت موجود ہیں، ڈی آئی ایف ڈی نے میری باتوں کی تردید نہیں کی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی صحافی نے کہا کہ میری جو تصویر پیش کی گئی ہے وہ گزشتہ سال الیکشن سے قبل عمران خان سے انٹرویو کی ہے، اس سے متعلق مسلم لیگ ن کا دعوی ٰجھوٹا ہے، مریم اورنگ زیب کو متعدد کالز اور میسیجز کیے لیکن انہوں نے جواب سے گریز کیا۔صحافی کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے کی خبر پر بھی ن لیگ نے دعوے کے باوجود کوئی کیس نہیں کیا، نواز شریف پراپرٹی کی خبر پر لیگل نوٹس دور کی بات ای میل تک نہ کی گئی۔دریں اثنا برطانوی صحافی نے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا کہ ڈی ایف آئی ڈی کی تردید ویسی نہیں جیسی پیش کی جا رہی ہے، یہ صرف خبر میں موجود اس بیان کا دہرانا ہے، ان کا بیان ہے کہ زلزلہ فنڈ سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ہے، ان سے کہتا ہوں خبر پڑھیں اس میں ثبوت ہے، یہ خبر ضائع شدہ پیسے کی نشاندہی کرتی ہے۔ڈیوڈ روز نے ٹویٹ میں لکھا کہ ن لیگ پاکستان میں میری عمران خان کے ساتھ تصویر دکھا رہی ہے، تصویر کے ساتھ کہا جا رہا ہے کہ شہباز شریف پر میرا آرٹیکل پلانٹڈ ہے لیکن یہ تصویر گزشتہ سال کی ہے جب الیکشن سے قبل عمران خان کا انٹرویو کیا تھا۔برطانوی صحافی نے اس تصویر سے متعلق ثبوت پر لنک بھی شیئر کیا۔