کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ حیدر منزل کو فروخت کرنے کا معاملہ میرا ذاتی معاملہ ہے، دوسرے لوگوں کو اس اجازت نہیں دی جاسکتی ہے کہ وہ میرے ذاتی معاملے پر بات کریں ۔یہ بات انہوں نے حیدر منزل کے مقام پر بلڈر محمد عمران اور دیگر ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔سید جلال محمود شاہ نے کہاکہ حیدر منزل میری جائداد تھی جسے میں نے فروخت کردیا ہے لیکن میرے مخالفین اس معاملے کو ایک بڑا ایشو بنا کر پیش کر رہے ہیں اوراسے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کو فروخت کرنا میراحق اور میرا استحقاق ہے،ماضی میں تاریخی عمارتوں اور جائدادوں کو فروخت کیا جاتا رہا ہے۔ مجھے پیسوں کی ضرورت تھی، میں نے اپنی جائداد کو فروخت کردیا، بس اتنی سی بات ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ ہمارے خاندان کی ضروت تھی،حلال کی کمائی تھی۔ اس موقع پر عمران جمانی نے کہاکہ یہ عمارت ہیریٹیج میں نہیں تھی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مختلف ممالک سے فون آرہے ہیںاور دھمکیاں دی جارہی ہے ۔ادریس چانڈیو نے کہاکہ ایس یوپی سندھ کے کلچرکی حفاظت کرے گی۔ایس یوپی کا مرکزی دفتر اسی عمارت کے گرائونڈ فلورپر مرکزی دفتر بنے گا۔