وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف عدالتی فیصلہ واپس ہوا تو دوسرے کیس میں سزا ہوجائے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرریلوےشیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے میں بعض لوگ کہتے ہیں کام حرام ہے، ریلوے کا کوئی افسر سکھر نہیں جانا چاہتا، ولہار اسٹیشن کے قریب افسوس ناک حادثہ ہوا۔ گزشتہ کچھ عرصے میں 3 افسوسناک ٹرین حادثات ہوئے، ٹرین حادثے میں 24 ہلاکتیں ہوئیں، ایک ماہ کے اندر حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف فیصلہ کریں گے، ریلوے لوکوموٹیو کے اندر کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت 136مسافر اور 55 فریٹ ٹرینیں ٹریک پر ہیں، ریلوے میں جانے والے اکثر لوگ جہاز کا کرایہ برداشت نہیں کرسکتے، ریلوے ایک بہت بڑا نیٹ ورک ہے، 4 ارب کے اضافی تیل کے باوجود خسارہ کم کیا، ہم نے دس بلین کا ٹارگٹ زیادہ حاصل کیاہے اور 60 لاکھ مسافروں کا اضافہ کیا ہے، 278 میں سے 178ریلوے ویگنز نیلام کر دیں گے، 10 اے سی کوچز لاہور اور کراچی میں اسٹینڈ بائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان 2 اسٹیشنوں پر 2 لاکھ مسافر آرہے ہیں، ریلوے میں 1122 کی طرز کا منصوبہ لانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عقلمند دشمن بیوقوف دوست سے بہتر ہوتا ہے، کلاشنکوف کیس میں میرے ساتھ کوئی کھڑا نہیں ہوا،ابھی بھی ملک میں عظیم جج موجود ہیں، اب ویڈیو کی سیاست ختم ہوچکی ہے، جج کی مبینہ ویڈیو مسلم لیگ (ن) کے گلے پڑ جائے گی، مریم نواز نے (ن) لیگ کو تباہ کردیا ہے، مریم نواز ویڈیو کیس میں پورس کی ہتھنی ثابت ہو گی، یہ سارے پھنس گئےہیں، یہ منی ٹریل نہیں دکھا سکتے، ناصرجنجوعہ کبھی ان کے حق میں گواہی نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف ایک کیس میں فیصلہ واپس ہوا تو دوسرے کیس میں سزا ہوجائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے اندر بھی 2 گروپ ہیں، ایک ڈیل والا اور دوسرا جوڈو کراٹے والا، شہباز شریف کوحمزہ عزیز ہے اور مریم کو نواز شریف عزیز ہے، چور مچائے شور کی فلم 90 دن میں اپنے انجام کو پہنچ جائے گی، شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں، شہباز شریف اور میری پارٹی ایک ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان ٹرمپ سے ملنے جارہے ہیں، اللہ خیر کرے کیونکہ دونوں کا مزاج ایک جیسا ہے، کس حکومت کو شوق ہے کہ تاجروں کو ناراض کرے۔