لندن/ اسلام آباد (اے پی پی+ آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے جمعرات کو لندن میں سرمایہ کاروں کے وفد نے پاکستانی ہائی کمیشن میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں زراعت، صنعت، متبادل توانائی (سولر)، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سمیت بہت سے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، ہم معاشی سفارتکاری کے ذریعے برطانیہ سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور کاروباری کمپنیوں کو مدعو کر رہے ہیں کہ وہ پاکستان آئیں اور ہماری حکومت کی مثبت پالیسیوں سے مستفید ہوں۔
برطانوی سرمایہ کاروں کے وفد نے برطانیہ آمد پر وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہا اور خصوصی ملاقات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا اور سفارتخانہ کے اعلیٰ حکام بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔علاوہ ازیںلندن میں متحدہ پشتون سوسائٹی کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پشتون باوقار اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہے، آپ نے حب الوطنی کے جس بیج کوبویاثمرات سب کھائیں گے، انتشار کا بیج بونے کی خواہش مند قوتیں کامیاب نہیں ہوں گی، سمجھنا ہوگا کچھ لوگ مخصوص سوچ کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ یورپی یونین میں بھی خاص سوچ کو ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے، کون کر رہا ہے؟ مقاصد کیا ہیں؟سوالوں کی تہہ تک پہنچ گئے تو دشمنوں کے عزائم خاک اور ارادے بے نقاب ہوں گے، پاکستان کی دشمن قوتوں نے انتشارکے بیج بوئے اورنفرت کوہوادی، باخبر رہنا ہمارا فرض ہے،پاکستانی مفادات کاتحفظ عزیزہے ۔ مزید برآں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے لندن میںدولت مشترکہ وزراء خارجہ اجلاس میںشرکت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہموجودہ حالات میں اقتصادی ترقی،تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لیے روابط کا فروغ ناگزیر ہے،سی پیک معاشی ترقی کااہم منصوبہ ہے جس پر پاکستان کاربند ہے،غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں پر کشش حکومتی مراعات سے فائدہ اٹھائیں۔