اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن میں انکشاف ہواہے کہ لاڑکانہ میںپی آئی اے کے ملکیتی سمبارہ ہوٹل پر سندھ حکومت نے قبضہ کیا ہوا ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر مشاہد اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بتایاگیاکہ ادارے کی پاکستان کے مختلف شہروں میں 29جائدادیں ہیں جن کوموثر استعمال میں لانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ حکومت نے لاڑکانہ میں پی آئی اے کو ایک
پلاٹ دیا تھا جس پر سمبارہ ہوٹل قائم کیا گیا تھا سند ھ حکومت نے اس پر قبضہ کر لیا ہے ہوٹل پی آئی اے کی ملکیت ہے 5ایکڑ پر محیط ہے۔ نعمان وزیر نے کہاکہ آپ تو بہت سخی ہیں ہوٹل آپ کااور قبضہ کسی اور نے کیاہوا ہے اور کرایہ بھی نہیں دیتاہے ایسا ہوٹل ہر جگہ بنائیں۔سی ای او نے کہاکہ پہلے والے بادشاہ تھے۔کمیٹی نے آئندہ اجلاس میںاس حوالے سے رپورٹ طلب کر لی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن نے نئے اسلام آبادانٹرنیشنل ائرپورٹ کی تعمیر میں مبینہ کرپشن پر وزارت کو8ہفتوں میں انکوائری مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر فیصل جاوید، حاصل بزنجو، نعمان وزیر خٹک، شیر ی رحمن کے علاوہ وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔