قاہرہ (جسارت نیوز) سینیگال اور نائیجیریا کی ٹیمیں افریقا کپ آف نیشنز فٹ بال ٹورنامنٹ 2019ء کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ بینن اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں کوارٹر فائنل میچز میں شکست کے بعد افریقا کپ آف نیشنز فٹ بال ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔ ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں سینیگال نے بینن کو 1-0 گول سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ نائیجیریا نے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں جنوبی افریقا کی ٹیم کو 2-1 گول سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ مصر میں ایونٹ میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں سینیگال کا مقابلہ بینن کی ٹیم سے تھا۔ سینیگال کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد بینن کو 1-0 گول سے شکست دی۔ ہاف ٹائم تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، دوسرے ہاف میں سینیگال کے ادریسا گانا نے میچ کے 69 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو بینن کے خلاف 1-0 کی برتری دلائی جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں نائیجیریا کی ٹیم نے جنوبی افریقا کی ٹیم کو 2-1 گول سے ہرا دیا۔