شیخ مدثر اور علی حیدر ورلڈ انڈر 21 ا سنوکر چیمپئن شپ کے ناک آئوٹ مرحلے میں

366

بیجنگ (جسارت نیوز) پاکستانی کیوئسٹس شیخ محمد مدثر اور علی حیدر فتوحات برقرار رکھتے ہوئے آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 21اسنوکر چیمپئن شپ میں براہ راست لاسٹ 32 رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا، دونوں کھلاڑی لاسٹ 32 رائونڈ میں آج ایکشن میں نظر آئیں گے۔ گزشتہ روز چین میں ایونٹ میں کھیلے گئے گروپ ایف کے تیسرے میچ میں پاکستانی کیوئسٹ شیخ مدثر نے نیوزی لینڈ کے مارکس مائوت کو 3-0 فریمز سے ہرا کر دوسری کامیابی سمیٹی، بعدازاں کھیلے گئے آخری گروپ میچ میں بھی شیخ مدثر نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور مصری کیوئسٹ سیف نورالدین کو 3-2 فریمز سے شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کی اور اس کے ساتھ ہی براہ راست لاسٹ 32 رائونڈ میں جگہ بنا لی۔ گروپ کے میں پاکستان کے علی حیدر نے اپنے آخری گروپ میچ میں ہانگ کانگ کے لانگ ریان لی کو 3-1 فریمز سے زیر کر کے دوسری کامیابی اپنے نام کی اور اس کے ساتھ ہی براہ راست لاسٹ 32 رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ دونوں کیوئسٹ لاسٹ 32 رائونڈ میں آج قسمت آزمائی کریں گے، شیخ مدثر کا مقابلہ ڈینگ ہائو ہوئی جبکہ علی حیدر کا مقابلہ تھائی لینڈ کے نیرونگ دت سے ہو گا۔