اٹک (اے پی پی) تھانہ واہ کی حدود میں براہمہ انٹر چینج کے قریب بس الٹ گئی، 13 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہو گئے۔ بس میں 59 مسافر سوار تھے، شدید زخمیوں کو ٹیکسلا اور حسن ابدال اسپتال منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق موٹر وے پر بارش کے بعد تیز رفتاری کے باعث بس اُلٹ گئی۔ ہلاک ہونے والے 13افراد میں ایک بچہ اور 3عورتیں بھی شامل ہیں جن میں محمدنیاز، تاج ملوک، خالد شہزاد، سیف الرحمان۔محمد اعجاز، فرید خان، نورین عمر، سکینہ بیگم اورکنزالایمان شامل تھے جبکہ زخمیوں میں جاوید، حیدر، سہیل، مقبول، حبیب، عابد حسین، فقیر حسین، مجاہد، حسن مرید، عمران انجم، ذیشان، سفیان، عبدالرحمان، مومنہ، قراۃ، سخاوت، اور عبدالوکیل شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہولی فیملی راولپنڈی ، تحصیل ہیڈکوارٹر ٹیکسلا اور تحصیل ہیڈکوارٹر حسن ابدال اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ بد قسمت بس مسافروں کو لے کر مینگورہ سے لاہور جا رہی تھی۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بس کا ڈرائیور موبائل فون سننے میں مصروف تھا اور تیز رفتاری کے بعد وہ بس پر قابو نہ رکھ سکا۔ جس کی وجہ سے بس پھسل کر اُلٹ گئی۔