محمد حسین محنتی کا کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں اضافے پراظہار تشویش

611

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور قتل وغارتگری کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت اسٹریٹ کرائم کے خاتمے اور جرائم پیشہ افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کے جرائتمند فیصلوں اور رینجرز ودیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے سنجیدہ اقدمات اور قربانیوں کے نتیجے میں کراچی کا امن بحال ،خاص طور پر ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ ہوا اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا مگر کچھ دنوں سے شہر میں اسٹریٹ کرائم،لوٹ مار اور قتل غارتگری کے واقعات نے ایک بار پھر کراچی آپریشن پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ ٹی وی اینکر پرسن مرید عباس کا ساتھیوں سمیت بہیمانہ قتل، ناظم آباد میں جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر اظہار الحق کے گھر پر دن دھاڑے ڈاکا زنی کی واردات اور لاکھوں روپے کی لوٹ مار کا واقعہ اور تاحال ملزمان کی عدم گرفتاری حکومتی نااہلی اور بدانتظامی کی بدترین مثال ہے۔ایسا لگتا ہے کہ جرائم پیشہ افراد ایک بار پھر کراچی کا امن تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور حکومتی وانتظامیہ کے خاموش تماشائی کردار سے لگتا ہے کہ انہوں نے عوام کو جرائم پیشہ افراد و رہزنوں کے رحم پر چھوڑدیا ہے۔اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں،اربوں کا بجٹ امن وامان کے نام پر مختص کرنے کے باوجود حکومت شہریوں کی جان ومال اور املاک کے تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہے۔اس سال بھی امن وامان کے قیام کے حوالے سے صوبائی بجٹ میں 109ارب مختص کیے گئے ہیں۔