کراچی(اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت کے منتظم جج نے جعلی بینک اکائونٹس کیس میں گرفتار ملزمان بلال شیخ، طارق احسن اور ندیم الطاف کو پیر تک راہداری ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کردیا۔ کراچی کی احتساب عدالت میں منتظم جج کے روبرو نیب حکام نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ملزمان صدر سندھ بینک طارق احسن،سابق صدر و موجودہ ڈائریکٹر بلال شیخ اور ایگزیکٹیو نائب صدر سید ندیم الطاف کو راہداری ریمانڈ کے لیے پیش کیا۔پراسیکیوٹر نیب نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کا پیر تک راہداری ریمانڈ دیا جائے،ملزمان کو اسلام آباد نیب عدالت میں پیش کرنا ہے،ملزمان کے وکیل نے موقف اپنایاکہ 5 روز بہت زیادہ ہیں، 3روز کا راہداری ریمانڈ دیا جائے،بلال شیخ بیمار ہیں،ادویات اور کپڑوں کی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے ملزمان کو ادویات و دیگر سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے پیر تک راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔عدالت نے نیب حکام کو تینوں ملزمان کو پیر تک اسلام آباد نیب عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔نیب کے مطابق ملزمان کو گزشتہ روز نیب کراچی اور نیب راولپنڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ سابق صدر سندھ بینک بلال شیخ نے جعلی اکائونٹس کیذریعے اومنی گروپ کوایک ارب روپے قرضہ دلوایا، سابق صدر مملکت آصف زرداری،فریال تالپور،بینکر حسین لوائی،انور مجید و دیگر اسی کیس میں گرفتار ہیں۔ بلال شیخ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ سندھ بینک میں کوئی ایک جعلی بینک اکائونٹ نہیں،کوئی غیر قانونی کام اور ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی،عدالت کا سامنا کروں گا۔علاوہ ازیںاحتساب عدالت نے سرکاری پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس میں سابق سٹی ناظم مصطفی کمال کو پیش ہونے کے لیے آخری مہلت دیتے ہوئے ایک بار پھر نوٹس جاری کردیے۔کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو مبینہ سرکاری پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق مصطفی کمال،افتخار قائم خانی و دیگر کیخلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائم خانی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے،مصطفی کمال عدالت سے غیر حاضر رہے، کمرہ عدالت میںموجود ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کردیں۔تفتیشی افسر نے عدالت میں بیان دیا کہ میں نے مصطفی کمال کے گھر الیاس کو عدالتی نوٹس کی تعمیل کرائی۔ تفتیشی افسر نے اپنی رپورٹ کی نقول عدالت میں پیش کردیں۔عدالت نے تفتیشی افسر سے اوریجنل دستاویزات آئندہ سماعت پر طلب کرلیں۔عدالت نے تفتیشی افسر کو کہا کہ اب تک کی کارروائی سے متعلق تفصیلی رپورٹ سے آگاہ کیا جائے۔ تفتیشی افسر نے مصطفی کمال کو نوٹس کی تعمیل سے متعلق اصل دستاویزات عدالت میں پیش کر دیں۔عدالت نے تنبیہ کی اگر مصطفی کمال 27 جولائی کو پیش نہ ہوئے تو گرفتاری کا حکم دیا جاسکتا ہے۔