کراچی کو عزت دو تحریک کامیاب ہوگی،حافظ نعیم

674
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور محمد اسحق خان ضلع غربی کے اجتماع کارکنان سے خطاب کر رہے ہیں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور محمد اسحق خان ضلع غربی کے اجتماع کارکنان سے خطاب کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی تحریک’’ کراچی کو عزت دو‘‘ کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ کارکنان عوام سے رابطہ تیز کردیں ۔شہر کراچی لاوارث نہیں جماعت اسلامی اس شہر کو کچرے،پانی اور بجلی کی بندش سمیت تمام مسائل سے نجات دلائے گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع غربی محمد اسحاق خان، محمود الحسن ، فضل احد، عارف خان، ماسٹر امین اللہ و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔اجتماع میں ضلع بھر سے بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی جبکہ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع غربی نے علاقہ جات کی تنظیم نو کے بعدمنتخب ہونے والے ناظمین علاقہ جات کے ناموں کابھی اعلان کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کراچی کو عزت دو ـ تحریک شہر کو اس کا حق دلانے کی تحریک ہے۔ایم کیو ایم پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے کراچی کے مینڈیٹ کی توہین کی ہے۔شہر سے منتخب ارکان اسمبلی وزارتوں اور مراعتوں کے مزے لوٹنے میں مگن ہیں۔پاکستان کا معاشی حب کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ہے ۔شہر میں پانی ناپید ہے۔بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔کارکنان عوام سے رابطہ تیز کردیں ۔ شہر کراچی لاوارث نہیں، جماعت اسلامی اس شہر کوکچرے،پانی اور بجلی کی بندش سمیت تمام مسائل سے نجات دلائے گی۔ محمد اسحق خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی کی رشنیوں کو بحال کرنے کے لیے جدوجہد کا آغاز کردیا ہے۔ نو منتخب ناظمین علاقہ جات اپنے علاقوں میں عوام کو منظم کریں۔ جماعت اسلامی شہر کے حقوق سلب کرنے والوں کو فرار کاموقع نہیں دے گی۔