اسلام آباد (صباح نیوز)حکومت نے منشیات کے خلاف مزیدسخت قانون بنانے کاکام شروع کردیا ہے ، قانون سازی میں سخت اور کڑی سزائیں رکھی جائیںگی، وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے واضح کیا ہے کہ قوم کو نقصان پہنچانے والوں پر رحم نہیں کیا جائے گا ،انہوں نے بدھ کو اے این ایف ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ڈی جی اے این ایف میجر جنرل محمد عارف نے وزیر انسداد منشیات کو بریفنگ دی۔ شہریار آفریدی نے کہاکہ اے این ایف کی کارکردگی پر فخر ہے۔وسائل کی کمی کو پورا کیا جائے گا، اے این ایف منشیات کے خلاف دنیا کی بہترین فورس بنے گی۔کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے، قانون امیر غریب سب پر برابر لاگو ہوتا ہے۔منشیات کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیںگی، اس ناسور کو پھیلانے والوں کو نہیں بخشا جائے گا، خواہ وہ حکومت میں ہویا اپوزیشن میں، ادارے یا عوام میں، سب کے خلاف ایک ہی قانون ہوگا۔منشیات کے خلاف سخت قانون سازی شروع کر دی ہے، ایسا قانون بنائیں گے کہ منشیات کی روک تھام یقینی ہو سکے۔ قانون سازی میں سخت اور کڑی سزائیں رکھی جائیں گی۔ قوم کو نقصان پہنچانے والوں پر رحم نہیں کیا جائے گا۔ بریفنگ میں ڈی جی اے این ایف نے وزیر انسداد منشیات کو بتایا کہ پچھلے سال 368میٹرک ٹن منشیات پکڑی گئی جو کہ دنیا میں سب سے زیادہ مقدار ہے جو کسی فورس نے پکڑی ہے، جس کی مالیت 565 ملین ڈالر ہے۔منشیات کے خلاف 2019 ء میں اے این ایف کی کارکردگی مثالی ہے۔