اسلام آباد ( آن لائن ) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور ممتاز قانون دان چودھری اعتراز احسن نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کیس کے حوالے سے وڈیو ریلیز کرنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کا عدالت سے رجوع نہ کرنا ایسے ہی ہے کہ جیسے اب میاں نواز شریف مسلم لیگ (ن) ہی کی قید میں ہوں۔ مسلم لیگ (ن) کو فوری طور پر یہ وڈیو عدالت میں پیش کرکے میاں نواز شریف کے لیے آسانی پیدا کرنی چاہیے ،محض وڈیو ریلیز کرنے سے میاں نواز شریف رہا نہیں ہوں گے بلکہ عدالت میں اس وڈیو کو سچا ثابت کرکے میاں نواز شریف کو رہا کرالینا چاہیے۔ جس دن یہ وڈیو عدالت میں سچ ثابت ہوگئی اس دن حکومت کے لیے یہ بہت بڑا دھماکا ہوگا۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر یہ وڈیو سچ ثابت نہ ہوئی تو پھر کئی لوگ پکڑ میں آجائیں گے ۔ پریس کانفرنس کرنے والے کئی لوگ مشکل میں پھنس جائیں گے اور اگر وڈیو لے کر کوئی بھی عدالت نہ گیا تو پھر میاں نواز شریف جیل ہی میں رہیں گے۔ میاں نواز شریف کی رہائی جیلر کو وڈیو دکھا کر نہیں ہوسکتی بلکہ ایک عدالتی حکم ہی انہیں آزاد کر سکتا ہے کیونکہ وہ ایک عدالتی حکم پر ہی جیل گئے ہیں۔ چونکہ ہائی کورٹ کے پاس از خود نوٹس لینے کا اختیار نہیں ہے اس لیے مسلم لیگ (ن) کو مدعی بن کر خود عدالت سے رجوع کرنا ہوگا ۔ اگر یہ وڈیو ٹمپرڈ ثابت ہوگئی تو مریم بی بی سمیت کئی لوگ مشکل میں آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اگر اس وڈیو کو درست سمجھتی ہے تو عدالت جانے میں تاخیر نہ کرے۔