پشاور ہائی کورٹ کا مویشیوں کی افغانستان اسمگلنگ روکنے کا حکم

237

پشاور (آن لائن)پشاور ہائی کورٹ نے عیدالاضحی سے قبل مویشیوں کی افغانستان اسمگلنگ روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مویشیوں کے غیرقانونی کاروبار پر بھی پابندی عاید کردی ہے۔عدالت نے اقدامات کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومت سے 14دن میں جواب طلب کرلیا ہے۔درخواست گزارکا موقف تھا کہ صوبے میں عید سے قبل مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،بڑے جانوروں کی افغانستان اسمگلنگ جاری ہے۔ جسٹس ابراہیم خان نے ریمارکس دیے کہ حالات دیکھ کرلگتا ہے اس بار بڑے مرغ ذبح کرنا پڑیں گے۔ ایک اور کیس میں پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو اراکین اسمبلی کے لیے ترقیاتی فنڈز جاری نہ کرنے کا حکم دے دیاہے۔اپوزیشن کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ وزیراعلیٰ کے ایک دستخط پر منظور نظر اراکین کو پانچ پانچ کروڑ کے ترقیاتی فنڈز دیے جا رہے ہیں۔معاملے پر حکومت کی جانب سے تحریری جواب جمع نہ کیا جاسکا۔فاضل بینچ نے کیس کی سماعت 23 جولائی تک ملتوی کردی۔