سرگودھا (این این آئی) سرگودھا خوشاب روڈ کے چک 71 شمالی فاطمہ جناح کالونی میں گھر میں سوئے ہوئے میاں بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا، حکام نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ پولیس نے مقتولین میاں بیوی کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق فاطمہ جناح کالونی کا نوجوان ارشد اپنی بیوی ثوبیہ بی بی کے ہمراہ گھر میں سویا ہوا تھا کہ انہیں ایک ساتھ فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ دوہرے قتل کی پراسرار واردات کی اطلاع پر پولیس تھانہ جھال چکیاں نے موقع پر پہنچ کر مقتولین میاں بیوی کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ تاہم ابھی تک وجہ قتل سامنے نہیں آئی۔ حکام بالا نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پُراسرار واردات کو ٹریس کر کے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ سرگودھا کے نواحی گائوں بھابڑہ میں لڑکی سے ناجائز تعلقات کے شبے میں پانچ مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا۔ سرگودھا کے نواحی گائوں بھابڑہ میں لڑکی سے ناجائز تعلقات کے شبے میں پانچ مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کردیا۔ نوجوان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ ڈی پی او سرگودھا نے ضلع میں پانچ تھانوں کے ایس ایچ اوز تبدیل کر کے نئے ایس ایچ اوز تعینات کردیے۔ ذرائع کے مطابق ڈی پی او سرگودھا حسن مشتاق سکھیرا نے انسپکٹر محمد نواز ظفر لالی کو SHO تھانہ ساہیوال، انسپکٹر عبدالقیوم کو SHO تھانہ لکسیاں، سب انسپکٹر سجاد احمد کو SHO تھانہ سلانوالی، سب انسپکٹر سہیل ظفر ساہی کو SHO تھانہ میانی اور سب انسپکٹر خرم شہزاد کو SHO تھانہ بھاگٹانوالا تعینات کردیا، جہاں سے ایس ایچ او کو لائن حاضر کردیا ہے۔ سرگودھا پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر منشیات اور ناجائز اسلحہ برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق تھانہ سٹی بھکر پولیس نے محمد بلال سے پستول تیس بور مع 5 کارتوس اور محمد ارسلان سے پستول تیس بور مع 2 کارتوس، تھانہ جنڈانوالہ پولیس نے نذرانگرا سے رپیٹر گن اور رستم انگرا سے رائفل 7MM، تھانہ سٹی دریا خان پولیس نے قینچی موڑ دریا خان میں اسد عباس سکنہ محلہ سیانوالہ سے 20 لیٹر شراب، سینما موڑ دلیوالا روڈ دریا خان میں محمد طارق سکنہ محلہ اسلام نگر سے 500 گرام چرس برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ جن کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے۔ سرگودھا میں موٹر سائیکل چور گینگ کے چار افراد گرفتار، ایک فرار ہوگیا، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 18 موٹر سائیکل برآمد کر کے فرار ملزم کی تلاش شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق علاقے میں بڑھتی ہوئی موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں پر تھانہ کٹھہ سگھرال پولیس نے سی آئی اے اسٹاف کے ہمراہ واردتوں کو ٹریس کرتے ہوئے چھاپا مار کر موٹر سائیکل چور صدام گینگ کے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک ساتھی فرار ہوگیا۔ جن کی نشاندہی پر 18 مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلیے اور تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا۔ پولیس آفیسر نے اس کامیاب کارروائی پر بتایا کہ کھٹہ سگھرال کے نوید اختر عرف صدام جنجوعہ نے ساتھیوں اسامہ اعجاز سکنہ کوٹلی راجگان، عمران سکنہ خوشاب، ظہیر عباس سکنہ کٹھہ سگھرال اور امتیاز سکنہ کٹھہ سگھرال کے ہمراہ گینگ بنایا اور موٹرسائیکل چوری کی وارداتیں کیں۔ پولیس نے چار ملزمان نوید، اسامہ، ظہیر اور عمران کو گرفتار کرلیا جن کیخلاف 7 مقدمات درج کیے، برآمد ہونے والے مسروقہ موٹرسائیکل مالکان اور فرار ہونے والے ملزم امتیاز کی تلاش کا کام شروع کردیا۔