اسکواش عالمی فیڈریشن آئندہ ماہ سیکورٹی وفد پاکستان بھیجے گا

431

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر اور خیبر پختونخوا ایسوسی ایشن کے صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل اسکواش فیڈریشن (آئی ایس ایف) پشاور میں 10 سال بعد عالمی مقابلے بحال کرنے کیلئے آئندہ ماہ سکیورٹی وفد بھیجے گا، نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے ایسوسی ایشن پشاور میں ہر سال 20 سے 25 ایونٹس کا انعقاد کرتی ہے۔ گزشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں آئندہ ماہ پی ایس اے ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سکیورٹی وفد یہاں پر بھجوائے گا جس کے بعد سکیورٹی وفد پشاور میں سکیورٹی صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے پشاور جائے گا جہاں پر 2 پی ایس اے کے ایونٹس کی میزبانی پشاور کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں پہلے سے بین الاقوامی مقابلے بحال ہو چکے ہیں تاہم پشاور میں عالمی مقابلے بحال کرنے کیلئے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے تفصیلات طے ہو چکی ہیں۔ وہ سکیورٹی وفد اگست میں پشاور بھیجے گا جس کے بعد پشاور میں 25 ہزار ڈالر اور 10 ہزار ڈالر مرد و خواتین کے ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ قمر زمان نے کہاکہ فیڈریشن بالخصوص چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی خصوصی کاوشوں کی وجہ سے ملک میں ا سکواش کے فروغ اور بہتری میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ملک میں عالمی مقابلے بھی بحال ہو چکے ہیں۔