برمنگھم (جسارت نیوز) انگلش آل رائونڈر معین علی نے کہا ہے کہ جونی بائرسٹو آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں ٹیم کا اہم ہتھیار ثابت ہوں گے۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل میچ کل برمنگھم کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ ٹیم کی حالیہ فارم کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے عالمی ٹائٹل کیلئے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ معین علی نے کہا ہے کہ انکی ٹیم کی ورلڈ کپ میں اب تک میچز کے بعد کارکردگی تسلی بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کے ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں جونی بائرسٹو ٹیم کے اہم ہتھیار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن اور مضبوط اسکواڈ پر مشتمل ہے اور ہماری ٹیم کے پاس اس مرتبہ اپنی سرزمین پر ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ورلڈ کپ میں شامل دیگر ٹیمیں بھی سخت تھیں تاہم وہ مرحلہ عبور کر چکے ہیں۔