لاہور (صباح نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز کو نیب کے نوٹس اور احتساب عدالت طلبی سے جج ارشد ملک پر دبائو اور وڈیو کی تصدیق ہوگئی۔ اپنے ردعمل میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے جج صاحب کی وڈیو کا فرانزک کروالیا جس میں اس کے اصلی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے‘ اس لیے انہوں نے مریم نواز کو نوٹس بھیجا ہے‘ نیب کی جانب سے مریم نواز کے خلاف جعلی دستاویزات پر ٹرائل کی درخواست کے بعد احتساب عدالت نے مریم نواز کو نوٹس دیا ہے جوعمران خان کے مریم نواز سے ڈرنے کا واضح ثبوت ہے‘ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سزا معطل کیے جانے کے باوجود نیب کا نوٹس بھیجنا غیر قانونی ہے‘ عمران خان کے دبائو میں آکر نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی توہین کی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اپنے غیر ملکی دوروں سے پاکستان کے لیے 60 ارب ڈالرز کا ’سی پیک‘ لے کر آئے‘ ملکی ترقی کی شرح 8 اعشاریہ5 فیصد تک پہنچیاور نوجوانوں کو روزگار ملا۔ ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ عمران صاحب، نوازشریف نے آپ کی طرح ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی نہیں رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ بتائیں، کیا آپ نے10ماہ میں غیر ملکی دورے اپنی جیب سے کیے ہیں؟‘ اپنے دوروں کا خرچ بھی بتا دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب مریم نواز، نوازشریف کی بیٹی ہے‘ وہ آپ کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتی۔