حکومت مولانا فضل الرحمن کی سیکورٹی سے مکمل دستبردار‘ پولیس اہلکار واپس

295

اسلام آباد (صباح نیوز)حکومت مکمل طورپرجمعیت علما اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی سیکورٹی سے دستبردار ہوگئی، سیکورٹی پر مامورکچھ پولیس اہلکار بھی واپس بلالیے گئے۔ جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری سمیت پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے مولانا فضل الرحمن سے مکمل طور پرسیکورٹی واپس لینے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمن سے پہلے پروٹوکول واپس لیا گیا اور اب سیکورٹی بھی مکمل طورپرواپس لے لی گئی ہے ، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ مولانا فضل الرحمن پر ہاتھ ڈالنے کے لیے کچھ نہ ملا تو سیکورٹی واپس لے لی گئی ، ریجیکٹیڈ حکومت انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔ سینیٹر مولانا عطا الرحمن نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن پر متعدد بار خودکش حملے ہوچکے ہیں۔ سینیٹر طلحہ محمود نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمن عالمی لیڈر ہیں، سیکورٹی واپس کی جائے۔ مولانا اسعد محمود نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو اگر کچھ ہوا تو ذمے دار حکومت ہوگی۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ حکومت خوف کا شکار ہے ،کبھی سیاست دانوں کو دھمکیاں دے رہی ہے تو کبھی صحافیوں کو۔ سیلیکٹیڈ حکومت نے اب چینلز کو بھی بند کرنا شروع کردیا ہے حکومت کا یہ اقدام انتہائی افسوسناک ہے مریم نواز کی گفتگو کے بعد مختلف چینلز کو بلاوجہ بند کردیا ہے ۔