کاروباری برادری ملکی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے،وزیراعظم

347

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری اولین ترجیح غربت کا خاتمہ اور معاشی عمل کو تیز کرنا ہے، کاروباری برادری ملکی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے۔

وزیر اعظم عمران خان سے کے سی سی آئی، ایف پی سی سی آئی اور آٹوموٹو سیکٹر کے وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسمعیل، وزیر بحری امور علی زیدی، وفاقی وزیر حماد اظہر، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی، چیرمین بورڈ اف انویسٹمنٹ سید زبیر حیدر گیلانی اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر موجود تھے۔

وزیر اعظم نے ایف پی سی سی آئی و دیگر کاروباری وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میرے آنے کا مقصد یہی ہے کہ آپ کے مسائل حل کروں۔ میری پوری معاشی ٹیم یہاں موجود ہے تاکہ مسائل کا فوری حل نکالا جائے،حکومت آپ کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتی ہے،اب پاکستان کی معیشت فرسودہ طریقہ کار کے تحت نہیں چلائی جاسکتی۔ انہوں نے کہا ہماری اولین ترجیح غربت کا خاتمہ اور معاشی عمل کو تیز کرنا ہے جس میں آپ کی مدد چاہیے۔ کاروباری برادری ملکی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے۔

تاجروں نے خرید و فروخت کے لئے شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے کا مطالبہ کیا تاہم وزیراعظم نے شرط ختم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اب کاروبار پرانے طریقے سے نہیں چلے گا، یہ زیادتی ہے کہ 50 ہزار سے بڑی خریداری پر شناختی کارڈ نہ دیا جائے، حکومت تاجروں صنعت کاروں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، ترکی کی طرح ہم پاکستان کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔

وفاقی مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بھی تاجروں کو مراعات دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے سامنے کہہ رہا ہوں شناختی کارڈ شرط ختم نہیں ہوگی، تاجر صنعت کار شناختی کارڈ دینے سے کیوں گریز کررہے ہیں، ٹیکس سب کو دینا ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ٹیکسٹائل کی مقامی صنعت پر بھی ٹیکس دینا ہوگا، ٹیکسٹائل کی صنعت کے ساتھ الگ سے بات چیت کرر ہے ہیں، ایکسپورٹ کو کس طرح صفر ٹیکس کیا جائے اس پر بات چیت ہوسکتی ہے۔

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچےجہاں گورنر سندھ نے ان کا استقبال کیا۔وزیر اعظم عمران خان اور گورنر سندھ عمران اسمعیل کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔ملاقات میں گورنر سندھ نے تاجروں کے مسائل اور مطالبات سے متعلق آگاہ کیا، انہوں نے وزیر اعظم کو صوبہ سندھ خصوصا کراچی میں وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔