کراچی میں نرسز کے حکام کیساتھ مذاکرات ناکام

315

کراچی میں نرسز کے ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ سے مذاکرات ناکام ہونے پر نرسز کی جانب سے گورنر ہاؤس جانے کی کوشش پر پولیس کا مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی تو صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

کراچی میں نرسز اپنے مطالبات منظور کروانے کیلئے گزشتہ 7 روز سے ہڑتال پر ہیں،احتجاجی نرسز اور محکمہ صحت کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہوئے تو مظاہرین نے گورنر ہاؤس کی طرف مارچ شروع کردیا۔ پولیس کی جانب سے نرسز کو روکنے کی کوشش کی گئی تو صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ پولیس نے نرسز پر لاٹھی چارچ کیا۔

پولیس نے متعدد نرسز کو حراست میں لے لیا۔ اس موقع پر نرسز کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔

احتجاج کے باعث پریس کلب سے گورنر ہاؤس جانے والی سڑک پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج سرکاری دورے پر کراچی پہنچے ہیں اور نرسز گورنر ہاوس کے باہر احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتی ہیں تاہم پولیس نے انھیں روکتے ہوئے گرفتاریاں شروع کر دیں۔ اس دوران نرسز کی طرف سے بھی خوب مزاحمت دیکھنے میں آئی اور وہ حکام کے خلاف خوب نعرے بازی کرتی رہیں۔