لگتا ہے جج ارشد ملک کی ویڈیو جعلی ہے،جسٹس سردار شمیم

300

لاہور (خبر ایجنسیاں ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ویڈیو جعلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ جسٹس سردارشمیم خان نے کہا کہ ارشد ملک سے منسوب یہ ویڈیو صحیح ہے یا غلط اس کی انکوائری ہونی چاہیے۔ اگروہ تسلیم کرلیتے تو اور بات تھی ہم ایکشن لیتے۔اْن کا کہنا تھا کہ وائس ایکسپرٹ دیکھے گا یہ آواز ان کی ہے یا نہیں۔ واضح رہے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ہفتے کے روز پریس میڈیا کو احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ جج ارشد ملک کو نوازشریف کے خلاف فیصلہ دینے کے لیے بلیک میل کیا گیا اور اْن پر دباؤ ڈالا گیا۔ تاہم احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے اس ویڈیو کو جعلی اور مفروضے کی بنیاد پر بنائی گئی ویڈیو قرار دیتے ہوئے اس ویڈیو سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کا کہنا تھا کہ میری ذات اورخاندان کی ساکھ متاثرکرنے کی سازش کی گئی۔